تہران:(انٹر نیشنل نیوز ڈیسک) ایران کے وفاقی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ فلسطین مسئلے کا 2 ریاستی منصوبہ خطے میں نسلی فسادات کو ہوا دے گا، اس تناظر میں ایران سمجھتا ہے کہ متحدہ فلسطین ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔
یہ بات انہوں نے مصری اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ عباس عراقچی نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کے لیے 2 ریاستی منصوبہ خطے میں امن کے بجائے نسلی فسادات کو کھلی ہوا دے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے فلسطین پر قابض اسرائیل کی پشت پناہی نے خطے کے امن اور استحکام کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خطے میں2 ریاستی حل سے صرف مفلوج فلسطینی ریاست قائم ہوگی، جس کے پاس فوج ہے نہ مکمل خود مختاری ہے۔
انہوں نے اپنے موقف میں مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں2 ریاستی حل کے تحت قائم فلسطینی ریاست اسرائیل کی ایک بلدیاتی کاﺅنٹی کے سوا کچھ نہیں ہوگی۔ عباس عراقچی نے یہ بھی کہا کہ متحدہ فلسطین جنوبی افریقا کے طرز پر ایک جمہوری ریاست ہوگی، مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے جاری جنگی جرائم اور جارحیت روکنے کے لیے خطے کے ممالک مشترکہ اقدامات کریں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے بڑے واضح اور دو ٹوک انداز میں یہ بات بھی کہی ہے کہ اسرائیل کی جارحیت نہ روکی گئی تو لبنان سمیت خطے کے دیگر علاقوں میں غزہ جیسی تباہی ہوگی۔