آئینی ترمیم: جے یو آئی کے ساتھ مسودے پر مکمل اتفاق ہوچکا، بلاول

185

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئینی ترامیم پر پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا مکمل اتفاق ہوچکا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ آئینی ترمیم وہ خود پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 19ویں ترمیم کو ختم کر کے پارلیمان کو مزید طاقتور بنائیں گے۔ اس حوالے سے آئینی بینچز کے قیام کا فیصلہ بھی ہوا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کل منظور ہونے والے ڈرافٹ کی وجہ سے کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوئیں لیکن ہمارا مقصد ہمیشہ سے پارلیمان کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو ڈرافٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا ہے، وہ مولانا فضل الرحمان نے خود تیار کیا ہے، اس پر بھرپور مشاورت کی گئی ہے۔

بلاول بھٹو نے تحریک انصاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ایک سیاسی جماعت ہے نہ کہ صرف سوشل میڈیا کی طاقت۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست مفاہمت کا نام ہے اور جو کچھ سیاسی طور پر ممکن تھا، ہم نے کیا ہے۔ پاکستان کا آئین سیاسی جماعتوں کے لیے امانت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی مثبت سیاست کی جانب آئے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پارلیمان کو مضبوط کرکے جمہوریت کو فروغ دیا جائے تاکہ آئندہ کے سیاسی فیصلے ملک اور قوم کے مفاد میں ہوں۔