عمران خان کو بجلی، کھانے سمیت خواہش کے مطابق تمام سہولیات دستیاب ہیں، جیل حکام

139

راولپنڈی: اڈیالہ جیل حکام نے کہا ہے کہ عمران خان کو بجلی، کھانے سمیت خواہش کے مطابق تمام سہولیات دستیاب ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے عمران خان سے ملاقات کے بعد کی گئی پریس کانفرنس  کے ردعمل میں اڈیالہ جیل انتظامیہ کا آفیشل مؤقف سامنے آ  گیا، جس میں وضاحت دی گئی ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جس میں  ان کی خوراک، مطالعہ اور ورزش کا خصوصاً خیال رکھا جاتا ہے۔

اڈیالہ جیل حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان کے سیل میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی ہوتی ہے۔ بی کلاس کے تحت بانی پی ٹی آئی کو اپنا کھانا الگ سے پکانے کے لیے قیدی کک فراہم کیا گیا ہے، پروفیشنل قیدی کک ان کا ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا ان کی مرضی سے تیار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ناشتے میں کافی، چیہ سیڈ، چقندر کا جوس، دہی، چپاتی، دہی، بسکٹ اور کھجوریں استعمال کرتے ہیں، دوپہر کے کھانے میں کڑی پکوڑا، دیسی مرغی، دہی، چپاتی، سلاد، گرین ٹی، مٹن اور رات کو دلیہ، کوکونٹ، کوکونٹ جوس اور انگور وغیرہ کھاتے ہیں۔

جیل حکام نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا کھانا اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے اور جیل میں متعین ڈاکٹر بانی پی ٹی آئی کا دن میں تین مرتبہ معائنہ کرتے ہیں اور گزشتہ دو ہفتوں کے میڈیکل ٹیسٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی مکمل طور پر صحت مند ہیں، دو روز قبل پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا۔

بانی پی ٹی آئی کو روزانہ کی بنیاد پر اخبار فراہم کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی روزانہ دو گھنٹے ایکسرسائز کرتے ہیں، بی کلاس میں بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ جیل انتظامیہ نے کہا کہ سوشل میڈیا اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔