ارسا ایکٹ میں ترمیم کیخلاف مختلف جماعتوں کا قافلوں ٹھٹھہ پہنچ گیا

34

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) دریائے سندھ پر کینال اور بیراجوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ارسا ایکٹ میں ممکنہ ترمیم کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں پر مشتمل سندھ بچائو تحریک کے بیداری مارچ کے قافلے کی سربراہی ایس یو پی کے مرکزی صدر سید زین شاہ، قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایازلطیف پلیجو، فنکشنل لیگ کے رہنما سردار عبدالرحیم، ایس یو پی کے رہنما امیر آزاد پنھور، جی ڈی اے کے رہنما صفدر عباسی، قومی عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری مظہر راہوجو، پی ٹی آئی کے رہنما مسرور سیال کی قیادت میں ٹھٹھہ پہنچا تو عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سندھ بچائو تحریک کے رہنمائوں نے ٹھٹھہ کے مین اسٹاپ پر ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیداری مارچ کا مقصد سندھ کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے کے لوگوں کو دریائے سندھ سے مزید نہریں اور نئے ڈیم بنا کر پنجاب کو آباد کرنے اور سندھ کو بنجر بنانے سے آگاہ کرنا ہے، وفاقی حکومت کی کسی اور سندھ دشمن پالیسی کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ شرکاء نے کہا کہ سندھ کے عوام دریائے سندھ پر نئی نہروں اور بیراجوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ارسا ایکٹ میں ممکنہ ترمیم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ ارسا ایکٹ میں ترمیم کرکے نئی نہریں نکال کر چولستان کی زمینوں کو آباد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس سے سندھ کی زرخیز زمینیں، پانی اور زندگی تباہ ہوگی اور ساحلی پٹی کے لوگ شدید متاثر ہوں گے۔