محراب پور: ملیریا وبائی شکل اختیار کر گیا، ایک ہی دن میں 2 اموات

94

محراب پور (جسارت نیوز) ملیریا وبائی شکل اختیار کر گیا، ایک ہی دن میں 2 اموات، محکمہ صحت نوشہرو فیروز لاپتا، ضلع میں بھریا سٹی، کنڈیارو اور محراب پور تحصیل کے علاقوں میں وبائی مرض ملیریا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس میں اب تک 2 اموات سامنے آئی ہیں، ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس موذی مرض میں مبتلا ہیں، ملیریا بھریا سٹی، بھریا روڈ، لاکھا روڈ، سیال آباد، محراب پور، بہلانی، ہالانی، خان واہن، کنڈیارو، دبیلو، ٹھارو شاہ، کوٹری کبیر، گاؤں شہراب سومراہ، گاؤں ارباب سامیٹو، پیر قائم علی شاہ، جیندو کیریو، گاؤں فتح محمد پنجابی، چائی منومل، چائی سیلمان، کھائی قاسم، کھائی راھو اور دیگر دیہی علاقوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے، بھریا سٹی تحصیل کے گاؤں دھنی بخش کلہوڑو، گاؤں قبول کلہوڑو اور اس کے گرد و نواح میں ملیریا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں منور کلہوڑو اور دانش کلہوڑو ملیریا کے باعث جاں بحق ہوگئے، ملیریا سے جاں بحق نوجوانوں کے رشتے دار سہنا کلہوڑو کے مطابق دونوں کو تیز بخار ہوا، چیک کرانے پر ملیریا کی تشخیص ہوئی، سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث نجی کلینک سے علاج کرایا لیکن دونوں کی اموات ہوگئیں۔ تمام صورت حال سے آگاہ ہوتے ہوئے بھی محکمہ صحت نوشہرو فیروز لاپتا ہے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور نوشہرو فیروز کے کوآرڈنیٹر محمد سلیم مغل کے مطابق ضلع بھی میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہے، عدم صفائی، گندے پانی کی عدم نکاسی اور مچھر مار اسپرے نہ کرائے جانے کے باعث ملیریا، ڈائریا (اسہال) سمیت دیگر وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔