مہنگائی کی اونچی اڑان پھر سے شروع

119

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) مہنگائی کی اونچی اڑان پھر سے شروع، 19 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہونے سے مہنگائی کی شرح 15 فیصد سے اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے جب کہ 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔ مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.28 فی صد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے جب کہ اسی ہفتے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بھی بڑھ کر 15.02 فی صد پر آ گئی ہے۔اسی دوران روز مرہ استعمال کی 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے 9 اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں کمی ہوئی جب کہ 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمتوں میں26.24 فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں9.86 فیصددال چنا کی قیمتوں میں3.15 فیصد،آٹے کی قیمتوں میں2.10 فیصد،ڈیزل کی قیمتوں میں 2.01فیصد،ایل پی جی کی قیمتوں میں1.50 فیصد،سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں0.65فیصد اضافہ ہوا ہے۔اسی طرح آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں0.35 فیصد،لہسن کی قیمتوں میں1.31 فیصد،چکن کی قیمتوں میں0.96فیصد اور انڈوں کی قیمتوں میں0.68فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے برعکس آلو کی قیمتوں میں1.15 فیصد،پیاز کی قیمتوں میں7.02فیصد، چینی کی قیمتوں میں0.27 فیصد،کیلوں کی قیمتوں میں2.83فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں0.72 فیصد،باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں0.09 فیصد اورگڑ کی قیمتوں میں1.82 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔