کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کراچی نے ایس بی سی اے لیبر یونین کے جنرل سیکرٹری کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم بابر سراج کو سزائے موت سنا دی۔ عدالت نے ملزم کو مقتول کے ورثا کو 10 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا ،غیر قانونی اسلحہ کیس میں ملزم کو10 سال قید کا حکم سنایا گیا۔ سرکاری وکیل کے مطابق فنکشنل لیبر یونین کے پوسٹر کو گندا کرنے کے ملزم بابر سراج اور عارف موٹا سے مقتول سید اسرف علی کی بحث ہوئی، ملزم بابر سراج نے فائرنگ کرکے اشرف علی کو قتل کیا تھا، ٹرائل کورٹ نے 2021ء میں ملزم بابر کو سزائے موت سنائی، ملزم نے سزا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی، ہائیکورٹ نے 2022ء میں مقدمہ کو دوبارہ چلانے کے لیے سیشن عدالت بھیجا تھا، واقعہ کا مقدمہ 2019ء میں تھانہ نیو ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا۔