سعودی عرب اور عراق میں منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام

78
سعودی علاقے جازان میں پکڑی گئی منشیات کی کھیپ کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جارہا ہے

ریاض ؍ بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراقی حکام نے 50لاکھ کیپٹاگون گولیاں ضبط کرنے کا اعلان کردیا،جنہیں شام کی سرحد کے ذریعے اسمگل کیا جا رہا تھا۔ حکام نے بتایا کہ ‘پڑوسی ملک سے آنے والی سبزیوں میں کیپٹاگون گولیاں چھپائی گئی تھیں۔ سیکورٹی اہل کاروں نے عراق کے صوبے الانبار میں کئی دنوں سے گھات لگارکھی گئی تھی۔ یہ صوبہ شام کی سرحد سے متصل ہے۔ اقوام متحدہ کی جولائی میں جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق عراقی حکام نے 2023 ء میں 2کروڑ 40لاکھ کیپٹاگون گولیاں ضبط کی تھیں۔ جس کی مالیت 8کروڑ 40لاکھ ڈالر تھی۔ خطے کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے خلیجی ریاستوں نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔دوسری جانب سعودی عرب کے سرحدی محافظوں نے جازان کے علاقے الدیر میں ایک ایتھوپیائی شہری کو 114 کلو گرام قات ملک میں اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔اس کے علاوہ جازان کے علاقے الاردہ میں بھی حکام نے 280 کلو گرام قات اسمگل کرنے کی مبینہ کوشش کو ناکام بنا دیا۔عسیر کے علاقے الربوہ میں گشت میں 4یمنی شہریوں کو 122 کلو گرام قات سمیت گرفتار کیاگیا۔