کراچی ( رپورٹ: محمد انور) پیپلز پارٹی صرف سہانے خواب دکھاتی ہے، 16 سال میں کوئی کام نہیں کیا ‘ سندھ حکومت کی چشم پوشی اور نااہلی کی وجہ سے کراچی ودیگرشہروں کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ‘ہر سال اربوں روپے ترقیاتی بجٹ کے نام پر خرچ بھی کر رہے ہیں‘میئر مرتضیٰ وہاب اسلام آباد کے چکر لگانے میں مصروف ہیں‘ہر محکمہ تباہی کا شکار اورجرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے سینئر رہنما محمد حسین محنتی،سابق گورنر سندھ معین الدین حیدر اور سابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ وجیہ الدین احمدنے جسارت کے اس سوال کے جواب میں کیا کہ ’’کیا یہ امر درست ہے کہ سندھ حکومت کی عدم توجہ کے باعث کراچی و دیگر شہروں کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے؟‘‘ محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری خود کئی برس سے بڑھتے ہوئے مسائل کو دل پر ہاتھ رکھ کر برداشت کررہے ہیں‘ شہر کے اداروں کا ہر شعبہ تباہی کی طرف جا رہا ہے جبکہ میئر مرتضیٰ وہاب اسلام آباد کے چکر لگانے میں مصروف ہیں‘ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی کراچی کی بہتری اور یہاں کے مسائل کے حل کرنے پر توجہ نہیں دی‘ اب بھی وہ ایسا ہی کر رہی ہے۔ معین الدین حیدر کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل تو بے انتہا ہیں‘ یہاں پر ڈکیتی و رہزنی اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے ساتھ دن دھارے قتل جیسی سنگین وارداتیں بھی ہوتی ہیں‘ دوسری طرف شہر کے دیگر مسائل بھی بڑھتے جا رہے ہیں‘ ہمیں توقع ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ان مسائل اور جرائم کی وارداتوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے گی‘ گزشتہ 16 سال کے دوران پیپلز پارٹی کی حکومت کے ساتھ متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر جماعتوں کی شراکت بھی رہی ہے‘ اس لیے یہ جماعتیں بھی ان مسائل کی ذمے دار ہیں۔ وجیہ احمد نے کہا کہ شہریوں کا یہ کہنا درست ہے کہ سندھ حکومت کی نااہلی اور چشم پوشی کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے‘ پیپلز پارٹی صرف غلط بیانی اور خوش فہمی کے خواب دکھاتی ہے‘ اس کے سوا اس حکومت نے 16 سال سے کچھ نہیں کیا‘ ان مسائل کے سدباب کے لیے سیاسی جماعتوں پر مشتمل الائنس بنایا جانا چاہیے جن کو ان مسائل کے سدباب کا ٹاسک دیا جائے‘ یہ نہیں سمجھا جائے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کے لوگ پیپلز پارٹی کی حکومت سے خوش ہیں۔