شان مسعود کی قیادت میں قومی ٹیم پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب

107

ملتان: قومی ٹیم شان مسعود کی قیادت میں پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود شکست در شکست کھانے کے بعد بالآخر اپنی قیادت میں ایک اہم میچ جیت چکے ہیں، جس میں قومی ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر مہمان ٹیم انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دے دی۔

قومی ٹیم کی حالیہ میچ میں کامیابی کے بعد یہ سیریز ایک ایک سے برابر ہو چکی ہے جب کہ ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کی یہ تین برس کے بعد پہلی جیت ہے۔

انگلینڈ کے خلاف میچ میں پاکستانی اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی نے اپنی بالنگ کا جادو دکھایا۔

یاد رہے کہ شان مسعود مسلسل 6 ٹیسٹ میچز ہارنے کا ایک ناپسندیدہ ریکارڈ بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔ ان کی قیادت میں قومی ٹیم نے مسلسل 6 میچوں میں شکست کھائی ہے جس میں  سے ایک بنگلادیش کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر کلین سوئپ بھی شامل تھا۔

ناپسندیدہ ریکارڈ اس لیے بھی کہ شان مسعود پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے ابتدائی 6 میچز میں ٹیم کی قیادت کی اور تمام میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قبل ازیں 1962 میں انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی قیادت کرنے والے جاوید برکی کو بطور کپتان ابتدائی 3 میچز میں شکست ہوئی تھی لیکن ان کی ٹیم چوتھا ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی جب کہ شان مسعود نے 7ویں میچ میں فتح سمیٹی ہے۔