شہر میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کے ذمہ دار وزیر بلدیات اور قابض میئرہیں، سیف الدین ایڈووکیٹ

91

کراچی: اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ  نے کہاہے کہ کراچی میں چکن گونیا، ملیریا، ڈینگی و دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کے ذمہ دار تنگ نظر وزیر بلدیات اور نا اہل قابض میئر  ہیں،وزیر بلدیات اور میئر کراچی کے پاس کوئی وژن ہے نہ شہر کی کوئی فکر،یہ اپنے اپنے مشاغل میں مصروف ہیں۔

اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ  شہر میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، نالے گند سے بھرے پڑے ہیں اور بروقت جراثیم کش اسپرے نہ ہونے کی وجہ سے بیماریاں اور وائرل انفکشن تیزی سے پھیل رہے ہیں، اسپتالوں میں تشخیصی کٹ ناپید ہیں، یہ صورتحال صوبائی محکمہ صحت کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

سیف الدین ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی ٹوٹی سڑکوں اور کوڑے کے ڈھیروں کی صورت میں پیپلز پارٹی کے اقتدار کی سزا بھگت رہے ہیں اب طرح طرح کی پھیلی ہوئی بیماریوں نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ہے۔شہر میں وبائی امراض پھوٹ رہے ہیں جبکہ میئر کو اسلام آباد کی ہوائیں راس آگئیں ہیں، بلدیہ عظمی کراچی کے تحت مچھر مار اسپرے تاحال نا ہونے کے برابر ہے، آبادی کے لحاظ سے اسپرے مشینوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ مافیا شہر کو گدھوں کی طرح نوچ رہا ہے لیکن اوپر سے نیچے تک پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کے ذمہ داران کو اپنے مشاغل سے فرصت نہیں،پیپلز پارٹی کراچی کے لئے سیکوریٹی رسک بن چکی ہے اور اگر مزید کچھ دن یہ لوگ شہر کے اختیار پر قابض رہے تو شہر مکمل تباہ و برباد ہوجائے گا۔