اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
وفاقی حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو انگیج کرنے کی کوششیں تیز کردیں، ایک ہفتے میں جے یو آئی سربراہ سے دو بڑی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔
وزیر اعظم شہبازشریف کی طرف سے مولانا کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان سے مجوزہ آئینی ترمیم پرتبادلہ خیال کیاگیا ، پی پی اور جے یو آئی کے مسودے پربھی تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک جمہوری سوچ رکھنے والے زیرک سیاستدان ہیں، جے یو آئی سربراہ سے درخواست کی گئی کہ وہ ہمیشہ کی طرح جمہوری سیاسی سوچ کے ساتھ آگے چلیں۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے مولانا فضل الرحمان انتشاری ٹولے کی سیاست کو مسترد کریں گے۔
مولانافضل الرحمان نے حکومتی وفد کو فوری طور پر کوئی یقین دہانی کرانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی سے مزید مشاورت کے بعد فیصلے سے آگاہ کریں گے اور مشورہ دیا کہ حکومت آئینی ترامیم میں جلدبازی نہ کرے۔