حکومت کا ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی سزا معافی کیلئے امریکی صدر کو خط

106

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معافی کیلئے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھ دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کی درخواست پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے سماعت کی، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے عمران شفیق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عافیہ صدیقی کی سزا معافی کیلئے امریکی صدر کو خط لکھا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے پیشرفت سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کر دیا۔

اس حوالے سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 2 سال بعد ہماری کوششوں کی وجہ سے  کیس میں بڑی اہم پیشرفت ہو گئی ہے، ہم نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ حکومت پاکستان امریکہ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ  کرے، جو ہمارا مطالبہ تھا اس کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے امریکی صدر کو خط لکھ دیا۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔