مغربی تسلط کا مقابلہ کرنے کیلیے برکس ممالک عالمی توانائی مارکیٹ میں کردار ادا کریں، پیوٹن

120
BRICS countries to play role in global energy market

ماسکو : روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے روس کی جانب سے مغربی تسلط کا مقابلہ کرنے کی کوشش میں برکس ممالک کو عالمی توانائی مارکیٹ میں کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس رواں ہفتے کے آخر میں بین الاقوامی توانائی فورم کی میزبانی کرے گا جس میں برکس توانائی کے وزرا کی ملاقات کا امکان ہے۔

ولادیمیر پیوٹن نے فورم کے شرکا اور مہمانوں کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ’یہ بات واضح ہے کہ نئی جغرافیائی سیاسی حقیقت کے تحت توانائی کے شعبے میں تعاون کے ذریعے ممالک کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا، تاکہ سماجی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں کردار ادا کیا جاسکے۔‘

انہوں نے برکس کے توانائی وزرا کے آئندہ ہونے والے اجلاس کے بارے میں کہا کہ ’توانائی کی منصفانہ منتقلی میں برکس ممالک کو کچھ مشترکہ اصولوں پر رضامند ہونے کے ساتھ عالمی توانائی مذاکرات میں برکس کے کردار کو مضبوط بنانے کے طریقوں کی تجاویز تیار کرنی ہوں گی۔