اپنی سیاسی طاقت سے آئینی ترمیم کرکے دکھائیں گے، بلاول

116

اسلام آباد:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم اپنی سیاسی طاقت سے آئینی ترمیم کرکے دکھائیں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی اور پی پی پی پارلیمنٹیرینز کی مشترکہ پارلیمانی پارتی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے اتفاق رائے تقریباً ہو چکا ہے اور جلد  سے جلد مزید پیش رفت کے ساتھ ہی ہم اپنی سیاسی طاقت سے آئینی ترمیم کرکے دکھائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کے لیے  کوشاں ہیں کہ سیاسی اتفاق رائے کے ساتھ 26 ویں آئینی ترمیم منظور ہو، جس کے نتیجے میں ہم میثاق جمہوریت میں عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین سازی کی جانب مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور اس پر تقریباً اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ پی پی، جے یو آئی اور مسلم لیگ عدالتی اصلاحات پر متفق ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی کا کوئی رکن موجود نہیں یا اسے میری ہدایات تاحال نہیں ملیں تو بھی سب کو واضح ہدایت یہی ہے کہ پی پی کے ارکان آئینی ترمیم پر اسی رائے کے حق میں ووٹ ڈالیں گے جس پر میں ووٹ دوں گا۔