اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم پر مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ اتفاق رائے ہوگیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئینی ترامیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی، جس میں آئینی ترمیم کے معاملے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم میں شامل شقوں کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، ہماری جانب سے چوتھا مسودہ تھا جو شیئر کیا گیا ہے جب کہ حکومت نے اب تک ہمیں 4 مسودے دیے ہیں، جو کہ سب ایک جیسے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ چوتھے مسودے میں 26 آرٹیکلز کی ترامیم موجود ہیں۔ ابھی ہماری گفتگو اور مشاورت جاری تھی کہ اس دوران خصوصی کمیٹی نے مسودے کو منظور کرلیا ہے، پھر بھی ہماری بات چیت جاری ہے اور جلد ہی ہم کسی نتیجے پر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دو ٹوک مؤقف ہے کہ آئینی ترمیم پر ہمارا اتفاق رائےعمران خان کی جانب سے دی جانے والی ہدایات سے مشروط ہوگا۔