ایس پی گھوٹکی کیخلاف ملزمان سے روابط رکھنے پر آئی جی سندھ کو مراسلہ

28

قنبر علی خان (جسارت نیوز) ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ نے ایس پی گھوٹکی حفیظ الرحمن بگٹی کے خلاف خطرناک ملزمان سے روابط رکھنے پر آئی جی سندھ کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ مراسلے میں ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ نے ایس پی گھوٹکی کے خلاف لکھا کہ ایس پی حفیظ الرحمن نے بدنام زمانہ ڈاکوئوں سے مراسم رکھے ہوئے ہیں جوپولیس افسران واہلکاروں کے قتل اور اغواء برائے تاوان میں ملوث ہیں، ان کے خلاف ایکشن لیں کیونکہ ان کی یہ حرکات محکمہ پولیس کے لیے بدنامی کا باعث بن رہی ہیں، آپ کی توجہ اس جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں کہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گھوٹکی حفیظ الرحمن، PSP کے اقدامات انتہائی تشویشناک صورتحال کی طرف اشارہ کر رہے ہیں، وہ نہایت خطرناک اور غیر پیشہ ورانہ راستے پر گامزن ہیں، کیونکہ وہ بدنام زمانہ مجرموں کے ساتھ اپنی وابستگی کو بڑھاوا دے رہے ہیں اور ان سے بات چیت اور رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ مجرم متعدد گھناؤنی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں، جن میں پولیس افسران کے قتل، اغوا برائے تاوان اور پولیس کے اسلحے کی لوٹ مار بھی شامل ہیں، مجرموں نے گزشتہ دہائی کے دوران کئی غیر قانونی سرگرمیاں انجام دی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے جدید ہتھیاروں کی مدد سے اپنی سرگرمیاں مزید تیز کر دی ہیں، جس سے ان کے حملوں کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔