ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ ٹنڈوالٰہیار کے دورے پر پہنچ گئے

70

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی کا صوبہ سندھ کا تنظیمی دورہ کے دوران ٹنڈوالٰہیار آمد۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ، برادر حسن بلال ہاشمی نے صوبہ سندھ کے مختلف ڈویژنز اور مقامات میں تعلیمی اداروں کے ناظمین کے ساتھ تنظیمی ملاقاتیں کیں اور اس دوران انہوں نے ناظمین کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور آئندہ کے لیے تعلیمی و تنظیمی اہداف کو مزید بہتر بنانے کے لیے رہنمائی بھی فراہم کی۔ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی نے کارکنا ن و ذمے داران سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کو تعلیمی اداروں میں مضبوط اور منظم بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے طلبہ دین و دنیا دونوں میدانوں میں بہترین کردار ادا کر سکیں۔ تعلیمی ادارے جمعیت کی بنیاد ہیں اور ہمیں یہاں نظم و ضبط قائم رکھتے ہوئے طلبہ کی اخلاقی و فکری تربیت پر توجہ مرکوز رکھنی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ تعلیمی اداروں میں جمعیت کی موجودگی کو مضبوط کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ طلبہ کو ایک مربوط پلیٹ فارم مل سکے جہاں وہ اپنے مسائل کا حل تلاش کریں اور اپنی تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت بھی حاصل کریں۔ ناظمین کا کردار اس حوالے سے انتہائی اہم ہے کہ وہ اداروں میں جمعیت کے نظم کو مزید بہتر اور مضبوط کریں۔ اس موقع پر ناظم اسلامی جمعیت طلبہ سندھ عمیر لاکھو نے ناظم اعلیٰ کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور کتاب کا تحفہ پیش کیا۔اس موقع پر عبیداللہ یاسین بھی موجود تھے۔