پاکستان کے کلی معاشی حالات میں بہتری آئی، اسٹیٹ بینک

27

کراچی (کامرس رپورٹر) بینک دولت پاکستان نے مالی سال 2023-24ء کیلیے پاکستانی معیشت کی کیفیت پر سالانہ رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کلی معاشی حالات میں بہتری آئی، جسے استحکام کی پالیسیوں، آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب پیش رفت، بے یقینی میں کمی اور سازگار عالمی معاشی حالات سے تقویت ملی۔ رپورٹ کے مطابق ملک کی زرعی پیداوار میں اضافے نے بھی سال کے دوران قدرے بہتر معاشی نتائج کے حصول میں کردار ادا کیا۔ مالی سال 24ء کے دوران حقیقی جی ڈی پی میں زراعت کی بدولت معتدل بحالی ہوئی۔ مالی سال 24ء میں گندم اور چاول کی ریکارڈ پیداوار اور کپاس کی پیداوار میں بحالی نے زرعی پیداوار کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ رپورٹ میں اس بات کو اجاگر کیا گیا ہے کہ حقیقی معاشی سرگرمی کی بحالی کے باوجود جاری کھاتے کا خسارہ مزید کم ہو کر 13 مہینوں کی کم ترین سطح پر آ گیا، کیونکہ ترسیلات زر اور برآمدات میں مضبوط نمو نے درآمدات میں معمولی اضافے کے اثر کو مکمل طور پر زائل کردیا۔ اس کے ساتھ آئی ایم ایف سے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ نے دیگر کثیر طرفہ اور دو طرفہ ذرائع سے رقوم کی آمد کو بڑھانے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور زرمبادلہ کی مارکیٹ کے احساسات کو دھیما کرنے میں مدد کی۔