راولپنڈی (آن لائن) پنجاب کالج لاہور میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کے بعد گزشتہ روز راولپنڈی میں بھی طلبا سمیت مختلف افراد نے شدید احتجاج کیا‘ مشتعل افراد نے مختلف مقامات پر واقع کیمپس کی عمارتوں کے شیشے توڑ دیئے کالج فرنیچر اور دیگر سامان کو آگ لگا دی اور بعض مقامات پر کالج اساتذہ اور عملے کو یرغمال بنا لیا اس موقع پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان پتھراؤ، شیلنگ اور ہنگامہ آرائی کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پولیس نے مختلف مقامات سے 350 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ۔کالج انتظامیہ کی جانب سے ایک روز قبل تمام کیمپس میں تعطیل اور آن لائن کلاسوں کے اعلان کے باوجود جمعرات کی صبح سے ہی طلبا اور سول کپڑوں میں ملبوس نوجوان بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے تاہم اس موقع پر مشتعل افراد نے سکستھ روڈ، جہلم روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس وے سے متصل سروس روڈ پر واقع کیمپس کے علاوہ گوجرخان کیمپس کے باہر شدید احتجاج کیا اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی۔