بنگلور (اسپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم بنگلور ٹیسٹ کے پہلے روز نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں46رنز پر آئوٹ ہوگئی، میٹ ہنری نے 5اور ولیم او رورکے نے 4 وکٹیں حاصل کیں، کیوی ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 180رنز بنا کر 134 رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ ابھی اس کی اننگز جاری ہے۔ گزشتہ روز بنگلور میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور ٹیم 31.2 اوورز میں 46رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، یہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کا تیسرا کم ترین اسکور اور ہوم گرائونڈ پر کم ترین اسکور بھی ہے۔ رشبھ پنت 20 اور یشاسوی جیسوال 13رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی سمیت 5 بھارتی کھلاڑی صفر پر آئوٹ ہوئے جبکہ 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ کیوی بولرز میٹ ہینری نے تباہ کن بولنگ کارکردگی دے کر 15 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ولیم او رورکے نے 22 رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔