اسلام آباد(نمائندہ جسارت) صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہبازشریف نے ملاقات کرکے آئینی ترامیم پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ صدر زرداری سے وزیراعظم نے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں آئینی ترامیم اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ کی زیر صدارت خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں اور جے یو آئی میں آئینی عدالت کے قیام کی 26ویں آئینی ترمیم ڈراپ کرنے اور آئینی بینچ کی تشکیل پر اتفاق ہوگیا۔حکومت اور جے یو آئی نے مشترکہ مسودے پر پی ٹی آئی سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔ مولانا فضل الرحمن حتمی مسودہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ شیئر کریں گے اور مسودے کی تیاری حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا جو آج نماز جمعہ کے بعد دوبارہ ہوگا۔