میٹا نے انسٹاگرام، واٹس ایپ اور ریئلٹی لیبز کے ملازمین فارغ کر دیے

186

میٹا پلیٹ فارمز انکارپوریٹڈ نے ایک نئی تنظیم نو کے تحت انسٹاگرام، واٹس ایپ اور ریئلٹی لیبز سمیت مختلف ڈویژنوں میں بڑے پیمانے پر برطرفیوں کا آغاز کر دیا ہے ، اس اقدام سے سینکڑوں ملازمین متاثر ہو سکتے ہیں ۔

کمپنی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ یہ تبدیلیاں میٹا کی طویل مدتی حکمت عملی اور مختلف مقامات پر ٹیموں کی بہتر تنظیم کے لیے کی جا رہی ہیں۔ اس میں بعض ٹیموں کو دیگر مقامات پر منتقل کرنا اور کچھ ملازمین کو نئے کردار سونپنا شامل ہے۔ جن عہدوں کو ختم کیا جا رہا ہے، ان کے لیے ہم متاثرہ افراد کو متبادل مواقع فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔

میٹا کے اس اقدام سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں مشہور ایپ ریورس انجینئر جین من چون وونگ بھی شامل ہیں، جنہوں نے 2023 میں میٹا کی تھریڈز ٹیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ ان کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔

میٹا کی جانب سے ان برطرفیوں کی صحیح تعداد ظاہر نہیں کی گئی، تاہم کمپنی نے نومبر 2022 سے اب تک اخراجات کم کرنے کی غرض سے تقریباً 21 ہزار ملازمتیں ختم کی ہیں۔

مارچ 2023 میں، میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے تنظیم کو مزید تیز اور موثر بنانے کے لیے اہم اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تھا تاکہ کمپنی کی ترجیحات کو زیادہ تیزی اور مؤثر طریقے سے پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلیاں ملازمین کے لیے زیادہ اطمینان بخش اور بامقصد کام کا باعث بنیں گی۔

لاس اینجلس دفتر میں فراڈ: 25 ڈالر کے کھانے کے کریڈٹ کا غلط استعمال

ایک اور اہم پیشرفت میں، میٹا نے لاس اینجلس آفس میں دو درجن سے زائد ملازمین کو کھانے کے 25 ڈالر کے کریڈٹ پروگرام کے غلط استعمال کے الزام میں برطرف کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ان ملازمین نے مسلسل غیر متعلقہ اشیاء جیسے کہ مہاسوں کے علاج کے پیڈز، شراب کے گلاس اور لانڈری ڈیٹرجنٹ خریدنے کے لیے اس کریڈٹ کا غلط استعمال کیا۔

مزید یہ کہ کچھ ملازمین نے اپنے کریڈٹس کو اکٹھا کر کے ملی بھگت کی، جبکہ دیگر نے گھروں پر کھانا منگوایا، حالانکہ یہ سہولت صرف دفتر میں موجود عملے کے لیے تھی۔

مارک زکربرگ کی دولت میں بے پناہ اضافہ: دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص بن گئے

مارک زکربرگ، جو کہ میٹا کے سی ای او ہیں، 2023 میں اپنی دولت میں 71.8 بلین ڈالر کے اضافے کے ساتھ دنیا کے تین امیر ترین افراد میں شامل ہو گئے ہیں۔ بلومبرگ کے بلینیئر انڈیکس کے مطابق، زکربرگ کی مجموعی دولت 200 بلین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، اور وہ صرف ایلون مسک اور جیف بیزوس سے پیچھے ہیں۔

میٹا کی شاندار کارکردگی، جس نے 2023 میں 134.9 بلین ڈالر کی آمدنی اور تقریباً چار بلین ماہانہ فعال صارفین کا سنگ میل عبور کیا، زکربرگ کی دولت میں اس بے پناہ اضافے کا باعث بنی ہے۔ میٹا کے اسٹاک کی قیمت میں بھی جنوری سے اب تک تقریباً 60% کا اضافہ ہوا ہے، جس سے کمپنی کی مجموعی مالیت کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔

مارک زکربرگ اب دنیا کے صف اول کے ارب پتیوں جیسے لیری ایلیسن، بل گیٹس اور اسٹیو بالمر کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں، اور یہ اضافہ میٹا کی مسلسل کامیابیوں اور عالمی مارکیٹ میں مضبوط پوزیشن کی عکاسی کرتا ہے۔