نواز شریف نے پاکستان کی اضافی بجلی بھارت کو بیچنے کی تجویز دیدی

157
Pakistan has a lot of electricity

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور بھارت کو تلخ ماضی پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنے کی تجویز دیتے ہوئے پاکستان کی اضافی بجلی بھارت کو بیچنے کی تجویز پیش کردی۔

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی کوریج کے لیے پاکستان آئے بھارتی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ بھارت کو بجلی چاہیے، پاکستان کے پاس بہت بجلی ہے، یہ بجلی ضرور بھارت کو بیچنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف موسمیاتی تبدیلی پر تعاون نہیں ، دونوں ملکوں کو تجارت شروع کرنی چاہیے، ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنا چاہیے۔ تعلقات اچھے ہوجائیں تو ضرورت کا سامان دو گھنٹے میں پاکستان آسکتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنا چاہیے، بھارتی کرکٹ ٹیم سے پوچھیں تو وہ بھی کہیں گے پاکستان آ کر کھیلنا ہے، کرکٹ کھیلنے پر راضی بھارتی کرکٹ ٹیم کو اجازت دینے والے اجازت نہیں دیتے، بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی تو کرکٹ کے لیے بہت اچھا ہوگا۔