کیا آپ انسٹاگرام پر فالوورز  بڑھانا چاہتے ہیں، نیا فیچر آپ کے کام آئے گا

146

سان فرانسسکو:انسٹاگرام پر اپنے فالوورز بڑھانے کے خواہشمند صارفین کے لیے نیا متعارف کرایا گیا فیچر بہت معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق میٹا کی ذیلی کمپنی انسٹاگرام میں ایک نیا فیچر متعارف کرائے جانے کے قریب ہے، جو کیو آر کوڈ کے ذریعے صارفین کی پروفائل کو ڈسکور ایبل بنا سکتا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنا پروفائل کارڈ بنا سکیں گے۔

صارفین کا بنایا ہوا پروفائل کارڈ ڈبل سائیڈڈ ہوگا، جس میں سے ایک جانب کیو آر کوڈ کے ذریعے اسکیننگ ہو سکے گی جب کہ دوسری جانب صارف کا اپنا پروفائل ہینڈل، فوٹو، بائیو اور کوئی بھی پسندیدہ گانا یا میوزک ہو سکتا ہے۔

اسی طرح صارفین اس کارڈ پر اپنے پروفائل بیک گراؤنڈ کو سیلفی یا ایموجی سے بھی مزید خوشنما بنا سکتے ہیں۔

ابتدائی طور پر اس فیچر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ اکاؤنٹ کے ڈیجیٹل بزنس کارڈ کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین کو اپنی پروفائل کے فالوورز میں اضافہ کرنے کا موقع ملے گا

میٹا کا کہنا ہے کہ اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی پروفائلز مختلف کمپنیوں (برانڈز) کے ساتھ شیئر بھی کر سکیں گے۔