اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی ریٹائرمنٹ میں آج جمعرات سے 8 دن باقی رہ جائیں گے تاہم ابھی تک سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کا بطور چیف جسٹس پاکستان نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاسکا ہے۔ رجسٹرار سپریم کورٹ پہلے ہی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے فل کورٹ ریفرنس کی تقریب بارے نوٹیفکیشن جاری کر چکے ہیں سپریم کورٹ میں ہونے والے فل کورٹ میں پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین،سپریم کورٹ بار کے صدر، اٹارنی جنرل پاکستان، موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور آنے والے چیف جسٹس منصورعلی شاہ تقریب سے خطاب کریں گے ۔ وکلاء کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ سپریم کورٹ کے جج کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65سال مقرر ہے، چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینئر ترین جج کو چیف جسٹس کا عہدہ تفویض کیا جاتا ہے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ25اکتوبر 2024ء تک ریٹائر ہوجائیں گے، ان کی جگہ جسٹس سید منصور علی شاہ، چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے۔جسٹس سید منصور علی شاہ 27 نومبر2027 کو ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچیں گے اور ان کی جگہ جسٹس منیب اختر کو چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کا عہدہ سنبھالنے کا موقع ملے گا۔جسٹس منیب اختر 13 دسمبر 2028 کو ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ کر سبکدوش ہوں گے اور ان کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان مقرر ہوں گے جبکہ وہ 22 جنوری 2030 کو ریٹائر ہوں گے۔