پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات ،دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ پر بات چیت کا آغاز ہوگیا

93
اسلام آباد: بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد: بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ پر بات چیت کا آغاز ہوگیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے درمیان بات چیت کرکٹ سے شروع ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سے بات چیت کا آغاز کرنے کی بات کی۔خیال رہے کہ پاکستان میں اگلے سال فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی منعقد ہو رہی ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں طرف سے اس بارے میں بات چیت کا آغاز کردیا گیا ہے۔بھارت روانگی سے قبل بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے غیر معمولی ملاقات ہوئی۔ظہرانے کے وقت وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر ایک ساتھ بیٹھے۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اور جے شنکر کے درمیان ظہرانے پر بات چیت ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ کو اکٹھے بٹھایا گیا اور وزارت خارجہ نے دونوں وزرائے خارجہ کو اکٹھا بٹھانے کے لیے سِٹنگ ارینجمنٹ تبدیل کیا۔شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے بعد پاکستان سے روانگی کے وقت بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے شاندار میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ایکس پر بیان میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ اسلام آباد سے روانہ ہو رہا ہوں، حکومت پاکستان کا شاندار میزبانی پر شکریہ، پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔جے شنکر نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔