پاکستان اور روس کا دوطرفہ تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق

135
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف سے روسی ہم منصب میخائل میشوسٹن وفد کے ہمراہ ملاقا ت کررہے ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف سے روسی ہم منصب میخائل میشوسٹن وفد کے ہمراہ ملاقا ت کررہے ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیر اعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر روس کے وزیر اعظم میخائل مشوستنکی نے ملاقات کی۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی۔دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا اور گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان اور روس کے مابین تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے تجارت، صنعت، توانائی، علاقائی روابط، سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔شہباز شریف نے اپنے پہلے دورہ ماسکو کا بھی ذکر کیا جو کہ ان کا کسی بھی ملک کا پہلا دورہ تھا۔وزیر اعظم نے اپنے دورے کی یادوں کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے روس کے ساتھ دوطرفہ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی مذاکرات کو تیز کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔شہباز شریف نے برکس میں پاکستان کے لیے تعاون پر روسی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے رواں برس جولائی میں آستانہ میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کیا جس کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کیا تھا۔وزیر اعظم نے پاکستان اور روس کے مابین مواصلاتی روابط کے فروغ کے لیے براہ راست پروازوں کی اہمیت پر زور دیا۔روسی وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں سربراہان حکومت اجلاس کے لیے پاکستان کی جانب سے کیے گئے شاندار انتظامات کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے روسی وفد کے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ملاقات میں روس پاکستان تعاون کو مزید فروغ دے کر نئی بلندیوں پر پہنچانے کی اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ملاقات میں دونوں وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط کے فروغ کے لیے روسی اور اردو زبان کے تدریسی تبادلوں اور سرمایہ کاری و تجارت کی سہولت کے لیے بینکنگ شعبے میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔ اسلام آباد میں روس کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ دمتری ڑراؤف اور وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں روس اور پاکستان کے درمیان مواصلات کے شعبے میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔روسی نائب وزیر ٹرانسپورٹ نے مواصلات سیکٹر میں سرمایہ کاری دلچسپی کا اظہار کیا، اجلاس میں نئے منصوبوں کے امور پر بھی غور کیا گیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین افغانستان کے ذریعے وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک اہمیت کا حامل ہوگا، وزرا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔اجلاس کو مواصلات کے شعبے میں اہم امور پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور سیکرٹری ریلویز نے بھی شرکت کی۔شنگھائی تعاون کونسل سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے آئے روسی وزیراعظم نے اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، آرمی چیف سے روسی وزیراعظم نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔