سر پر پانی کی ٹنکی دھڑام سے آ گری، خاتون کا کیا حال ہواہوگا؟

121

نئی دہلی: بھارت میں پانی کی ٹنکی ایک خاتون کے سر پر آ گری، جس سے خاتون ایک لمحے کے لیے ہوش ہی کھو بیٹھیں کہ ان کے ساتھ ہوا کیا ہے۔

ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر وائرل ایک وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی ریاست گجرات کے علاقے سورت میں پیش آنے والے واقعے میں ایک پانی کی ٹنکی خاتون کے سر پر اچانک دھڑام سے آ گری، تاہم خاتون کی قسمت اچھی تھی کہ وہ بچ گئیں اور انہیں کچھ نہیں ہوا۔

خاتون کے بچ جانے کی وجہ یہ تھی کہ ٹنکی خالی تھی اور اس کا نچلا حصہ بالکل کھوکھلا یا کھلا ہوا تھا، جس کی وجہ سے انہیں کوئی نقصان نہیں ہوا، تاہم اگر ٹنکی مکمل سلامت اور پانی سے بھری ہوتی تو خاتون گردن ٹوٹنے کے سبب جان سے جا سکتی تھیں۔

وڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ ٹنکی خاتون پر گرنے کے بعد خاتون کچھ لمحوں کے لیے زمین پر بیٹھیں اور ٹنکی کے اندر رہیں،، تاہم کچھ سیکنڈز کے بعد انہوں نے ٹنکی کے اوپری (ڈھکن والے) حصے سے سر نکال کر باہر دیکھا، جس سے اندازہ ہوا کہ وہ زخمی نہیں ہوئیں اور ان کی جان بچ گئی۔

اسی اثنا میں ایک شخص  بھی ان کے پاس بچانے کے لیے  آتا ہے، اور وہ دونوں اوپر کی جانب کسی شخص پر غصے کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔