جنوبی لبنان میں اہم حزب اللہ کمانڈر سمیت 19 شہید

149

اسرائیل نے بدھ کو جنوبی لبنان میں ایک اہم حزب اللہ کمانڈر جلال مصطفٰی حریری کو اُن کے دو ساتھیوں سمیت شہید کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔ جنوبی لبنان ہی میں نباتیہ میونسپلٹی کی عمارت پر حملے میں 16 افراد کی شہادت کی اطلاع ملی ہے۔

لبنان کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ تین ہفتے قبل جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کی ابتدا سے اب تک 2367 افراد شہید اور 11 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بدھ کو کئی حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 150 سے زائد ہے۔

اٹلی نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں گرین لائن کے ساتھ ساتھ متعین بین الاقوامی امن فوج کے ارکان کو اب نئے اصولِ کار درکار ہیں کیونکہ اسرائیل نے حزب اللہ کے ارکان کو نشانہ بنانے کے نام پر اقوامِ متحدہ کی امن فوج کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔

اسپین، اٹلی اور فرانس سمیت یورپی یونین کے 16 ارکان کے 10 ہزار سے زائد فوجی جنوبی لبنان میں تعینات امن فوج کے دستوں میں شامل ہیں۔ اطالوی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں سے امن فوج کی تنصیبات پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ لبنان میں صحتِ عامہ کے مراکز پر حملے بند ہونے چاہئیں۔ ایک بیان میں عالمی ادارے نے کہا کہ صورتِ حال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔ زخمیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر لازم ہے کہ علاج کے مراکز بہتر حالت میں رہیں۔