27 سال بعد کوئی بڑا ایونٹ پاکستان میں ہو رہا ہے ،عالمی رہنما اور مندوبین اچھے تاثرات لے کر جائیں گے: عطا تارڑ

82

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون اجلاس کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں، عالمی رہنما اور مندوبین پاکستان سے اچھے تاثرات لے کر جائیں گے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت دارالحکومتوں میں سے ایک ہے، یہ کانفرنس سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، ایس سی او اجلاس کی صدارت کرنا پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی او سربراہ کانفرنس پاکستان کے لئے باعث اعزاز ہے، 27 سال بعد کوئی بڑا ایونٹ پاکستان میں ہو رہا ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے کل تمام مہمانوں کو عشائیہ دیا، باہر سے آنے والے تمام غیر ملکی صحافیوں کو بھی بھرپور سہولیات فراہم کیں تاکہ وہ اپنے فرائض آسانی سے انجام دے سکیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال،امن و سلامتی اور دہشتگردی پر بات کی، وزیراعظم کی قزاخستان، ترکمانستان سمیت دیگر ممالک کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں، آج ایس سی او کے حوالے سے پوری دنیا کو بریف کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں اجتماعی مسائل زیر بحث آئیں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او سے اپنے خطاب میں خطے کے مسائل سمیت افغانستان، دہشت گردی، امن وامان، معیشت، ثقافت اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بات کی ،کسی بھی ملک کے عوام اور اس کے سافٹ امیج میں ثقافت کا اہم کردار ہوتا ہے، ثقافتی تبادلوں کو آگے بڑھانا بہت ضروری ہے۔