ڈائریکٹر کالجز بلوچستان کا ٹیم کے ساتھ گورنمنٹ بوائزڈگری کالج کادورہ

120

 

گوادر(نمائندہ جسارت) ڈائریکٹر کالجز بلوچستان ڈاکٹر کلیم اللہ زاہد نے ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز مکران ڈویژن، طارق علی بلوچ اور پرنسپل نصیر احمد بلوچ کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج گوادر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کالج کے تعلیمی ماحول، تدریسی معیار اور طلبہ کی کارکردگی کا بھرپور جائزہ لیا۔ڈائریکٹر کالجز نے کلاس رومز کا معائنہ کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس سے اکیڈمک سرگرمیوں کے حوالے سے سوالات کیے اور درس و تدریس کے معیار کو سراہا۔ طلبہ کی حاضری اور کالج میں موجودگی کے حوالے سے انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کالج کی سائنسی لیبارٹریز کا دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود جدید آلات اور سائنسی تجربات کے لیے دستیاب سہولیات کا بغور معائنہ کیا۔ڈاکٹر کلیم اللہ زاہد نے پرنسپل اور ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کے ہمراہ کالج کے تدریسی عملے سے اسٹاف روم میں ملاقات کی، جس کے دوران تعلیمی مسائل پر گفتگو ہوئی۔ انہوں نے پرنسپل سے کالج کو درپیش چیلنجز کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان کے حل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈائریکٹر کالجز نے پرنسپل نصیر احمد بلوچ کی کالج کی بہتری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور طلبہ کی حاضری اور تعلیمی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کالج کے عملے کی انتھک محنت اور جستجو کی تعریف کرتے ہوئے ان کے حوصلے کو بلند کیا اور مستقبل میں مزید بہتری کے عزم کا اظہار کیا۔