بصارت سے محروم افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں،شمشر شیخ

116

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد گڈ ہوپ لائنز کلب کے صدر لائن شمشر علی شیخ نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق اور ان کی بہتر تعلیم و تربیت کی ذمہ داری معاشرے کے ہر فرد پر عائد ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں حیدرآباد ویلفیئر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کی جانب سے انٹرنیشنل وائٹ کین سیفٹی ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایچ ڈبلیو اے بی کے جنرل سیکرٹری اے ڈی پیرزادہ، نصرت میمن، غلام محی الدین، جے پرکاش، کامران چینی والا، حاجی محمد اسلم نربان، عبدالغنی انصاری، محسن سلیم، صدر عبدالرشید خان، سینئر نائب صدر حاجی محمد یاسین آرائیں، میڈم شہناز و دیگر کے علاوہ بصارت سے محروم افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ڈبلیو اے بی نابینا افراد کی واحد جماعت ہے جو بلا امتیاز بصارت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔ میں اس پلیٹ فارم سے مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایسی سماجی تنظیموں کے ہاتھ مضبوط و مالی معاونت کریں تاکہ اس سے زیادہ مستحق افراد استفادہ حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر ایچ ڈبلیو اے بی کے جنرل سیکرٹری اے ڈی پیرزادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ڈبلیو اے بی کے تعاون سے ادارہ تعلیم و تربیت و تحفظ برائے نابینا افراد لطیف آباد میں بصارت سے محروم بچوں کو تعلیم کے ساتھ فنی تعلیم بھی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ کین سیفٹی ڈے بنانے کا مقصد نابینا افراد سے اظہارِ یکجہتی اور وائٹ کین کی اہمیت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر ایچ ڈبلیو اے بی کے سینئر نائب صدر حاجی محمد یاسین آرائیں نے کہا کہ ہمارا ادارہ نابینا افراد میں روزگار، راشن، بیماروں میں ادویات اور نابینا افراد کی بچیوں کی شادی میں جہیز مخیر حضرات کے تعاون سے کام کر رہا ہے۔