درگاہ بن شاہ قبرستان جنگل کا منظر پیش کررہا ہے،شاہد سومرو

112

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) معروف سماجی شخصیت شاہد سومرو نے گزشتہ روز جی او آر کالونی کے قدیمی درگاہ بابن شاہ قبرستان کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان کی دیکھ بھال کی ذمے داری ٹی ایم او لطیف آباد پر عائد ہوتی ہے، لیکن ٹی ایم او نے درختوں، گھاس اور جھاڑیوں کی کٹائی کا کام نہ کرایا جس سے قبرستان جنگل کا منظر پیش کرتا نظر آتا ہے، جگہ جگہ گھاس اُگنے سے قبریں ڈھک چکی ہیں، قبرستان کی دیواریں گرنے کی وجہ سے آس پاس کی آبادی نے قبرستان کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا، قبرستان کا تقدس پامال ہو رہا ہے، آوارہ کتے اور بکریوں کو چرانے سے مسلسل قبرستان میں داخل ہونے سے قبروں کی بے حرمتی ہو رہی ہے۔ بابن شاہ قبرستان کافی عرصے سے قبروںسے بھر چکا ہے لیکن ہر روز یہاں موجود گورکن جنازہ دفناتے ہیں، حد سے زیادہ قبریں ہونے سے قبرستان میں مرحومین کے عزیز واقارب کو فاتح خانی کے لیے آنے جانے میں سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بابن شاہ قبرستان کافی وقت سے لاوارث ہے۔ آخر میں شاہد سومرو نے ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن اور مئیر کاشف شورو سے مطالبہ کیا کہ قبرستان کے تقدس کو بحال کرنے کے لیے چاروں اطراف دیواریں تعمیر کرائی جائے، درختوں کی سالانہ کٹائی اور قبروں کے اوپر سے گھاس اور جھاڑیاں ختم کرنے اور صفائی کے لیے بلدیہ تعلقہ لطیف آباد کو پابند کیاجائے۔