دوسرا ٹیسٹ: انگلینڈ کیخلاف پاکستان کے 5 وکٹوں پر 259 رنز

99
ملتان: پاکستان اور انگلینڈکرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کی جھلکیاں، شائقین سبز ہلالی پرچم لہرا کر ڈبیو سنچر ی کرنے والے کامران غلام کو داد دیتے ہوئے

ملتان (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنالیے۔ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق7، سعود شکیل 4 اور کپتان شان مسعود 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیبیو کرنے والے کامران غلام نے شاندار سنچری بنائی اور 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب بھی 77 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنالیے ۔ محمد رضوان 37 اور سلمان آغا 5 رنزبنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلیے کھیلنا اعزاز ہے ، ہم سب بہت زیادہ پرجوش ہیں، ہمارے پاس اچھے اسپنرز ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ ٹیسٹ میں جیت کے لیے 20 وکٹیں لینی ہوتی ہیں۔ انگلش کپتان بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے ، پہلے ٹیسٹ میں اچھی کامیابی ملی۔ پاکستانی پلیئنگ الیون میں ایک کھلاڑی کا ڈیبیو ہوگا جبکہ 3 اسپنرز شامل کیے گئے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ کیلیے اعلان کردہ ٹیم میں نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ عامر جمال ، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔ واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی۔