کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات و واقعات میں خواتین سمیت 6 افراد جاںبحق ہوگئے، دیگر واقعات میں خواتین، بچوں سمیت 28افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے بحریہ ٹائون میں تیز رفتاری کے باعث دو گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں۔ ایک خاتون سمیت 2 افراد جاںبحق اور 22 افراد زخمی ہوئے۔ مدینہ ٹائون تھانے کی حدود بلدیہ ٹائون روبی موڑ فرنیچر مارکیٹ قاضی اسپتال کے قریب ٹریفک حادثے میں 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ 8سالہ بچی انشا دختر فہیم زخمی ہوئی۔ پاک کالونی تھانے کی حدود میوہ شاہ قبرستان کے قریب سے 40 سالہ شخص کی لاش ملی۔ بوٹ بیسن تھانے کی حدود گلشن سکندرآباد ریلوے لائن کالا پل سمندر میں نوجوان ڈوب گیا۔ نوجوان کی لاش کی تلاش جاری ہے۔ عوامی کالونی میں جھنڈا لگانے پر دو مذہبی گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان محمد جنید دو ران علاج دم توڑ گیا۔ سولجر بازار 3 نمبر قبا مسجد کے قریب گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث اسما زوجہ شکیل احمد جھلس کر زخمی ہوگئی۔ بلوچ کالونی تھانے کی حدود محمود آباد 5 نمبر فردوس مسجد کے قریب فائرنگ سے 30سالہ محمد فیصل ولد حبیب احمد زخمی ہوگیا۔