اورنگی سے بھتا خوروں کی گرفتاری پر جماعت اسلامی کا پولیس کو خراج تحسین

92

کراچی (پ ر) اورنگی ٹاؤن میں جماعت اسلامی کی جد وجہد، تاجروں کی ہمت اور پولیس کی کوششیں رنگ لے آئیں، بھتے کی پرچیاں دے کر رقم وصول کرنے والا گروہ پکڑا گیا، گروہ کا سرغنہ مقابلے میں ہلاک ہوگیا، جماعت اسلامی ضلع غربی کا ایس ایس پی ویسٹ اور ایس ایچ او اقبال مارکیٹ کو خراج تحسین، امیر ضلع غربی مدثر حسین انصاری اور نائب امیر شہباز خالد نے اس موقع پر کہا کہ پولیس کی جانب سے بھتا مافیا کی گرفتاری یقینا ایک اہم قدم ہے جس پر ان کی کارکردگی اور کوششوں کو سراہا جانا چاہیے۔ عوام کے جان و مال کی حفاظت اور شہر میں امن و امان کی بحالی کے لیے ایسے اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ اس کامیابی پر انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں کیونکہ یہ اقدام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جنگ میں اہم سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے اس موقع پر تاجروں کے ہمت و حوصلہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنے حق کیلیے ڈٹ جائیں تو کوئی بدمعاشی نہیں کرسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں بھی کوئی اس طرح کی حرکت کرے تو خوفزدہ ہونے کے بجائے پولیس اور جماعت اسلامی سے رجوع کیا جائے‘ جماعت اسلامی کسی موقع پر تاجروں اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔