دھونس ‘دھمکیوں سے اہل نابیناافراد کی حق تلفی کی مذمت کرتے ہیں‘مظفرعلی

98

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سفید چھڑی کے عالمی دن کی مناسبت سے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان ایسوسی ایشن آف بلائنڈز سندھ مظفر علی قریشی نے کہا کہ ہم رواں سال بصارت سے محروم افراد کی تنظیم پی اے بی کی گولڈن جوبلی منارہے ہیں۔ ہم اس سلسلے میں حکومت سمیت میڈیا اور سول سوسائٹی کے مشکور ہیں جنہوں نے معذوری کا شکار نابینا افراد کے مسائل کو اجاگر کیا اور انہیں صحت مند افراد کی طرح سے میرٹ کی بنیاد پر سر اٹھا کر جینے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اس تنظیم میں آج بینائی سے محروم افراد اعلیٰ تعلیم کی بدولت صاحب روزگار ہیں اور فارن منسٹری، عدلیہ سمیت شعبہ درس و تدریس میں روزگار پاکر با عزت زندگیاں گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اہلیت کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جانے پر یقین رکھتے ہیں تاہم اگر کوئی اہلیت نہیں رکھتا اور محض دھونس، دھمکی یا قانونی مقدمات کا سہارا لے کر اہل نابینا افراد کی حق تلفی کرتا ہے تو اس کا یہ عمل قابل مذمت ہے جس کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ سیکرٹری جنرل عبدالجبار میرانی نے کہا کہ پاکستان کے معاشرے میں نابینا افراد کے حوالے سے آگہی کے فروغ میں مزید وسعت کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں میڈیا شعور اجاگر کرے۔