نیوگوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کی تکنیکی قبولیت کی دستاویزات کا تبادلہ

110
گوادر: نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کے تکنیکی اجلاس کے موقع پر باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے جارہے ہیں
گوادر: نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کے تکنیکی اجلاس کے موقع پر باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے جارہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور چائنا ائرپورٹ کنسٹرکشن گروپ کمپنی لمیٹڈ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر مسٹر ڈنگ کان نے نیو گوادر ائرپورٹ کی تکنیکی قبولیت کی میٹنگ میں دستاویزات کا تبادلہ کیا ہے۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کی تکنیکی قبولیت کی تقریب جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں ڈی جی پاکستان ائرپورٹس اتھارٹی ائر وائس مارشل تیمور اقبال سمیت ڈپٹی ڈی جی ائرپورٹس انجینئر صادق الرحمان نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں چائنا ائرپورٹ کنسٹرکشن گروپ کمپنی لمیٹڈ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر مسٹر ڈنگ کان بھی شریک ہوئے، ڈی جی پاکستان ائرپورٹس اتھارٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ پروجیکٹ کو کامیابی سے مکمل کرنے میں پی اے اے پروجیکٹ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب میں نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر فیض اللہ خٹک سمیت دیگر اہلکاروں نے بھی شرکت کی، تقریب میں ائر وائس مارشل تیمور اقبال نے چینی پروجیکٹ ٹیم کے اہم ارکان کو تعریفی شیلڈز اور سرٹیفکیٹ بھی دیے۔ پروجیکٹ کے چینی سربراہ مسٹر ڈنگ کان نے ڈی جی پاکستان ائرپورٹس اتھارٹی کی طرف سے انہیں اور ان کی ٹیم کو دیے گئے اعزاز پر اظہار تشکر کیا۔