ّ26 ویں آئینی ترمیم ،قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کل طلب

109

اسلام آباد (آن لائن+ مانیٹرنگ ڈیسک) 26 ویں آئینی ترمیم پیش کرنے کے لیے وفاقی کابینہ اور قومی اسمبلی کے اجلاس (کل)17 اکتوبر کو طلب کرلیے گئے، صدر مملکت کو اجلاس بلانے کے لیے سمریاں بھجوادی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئینی ترمیم پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس 17 کے بجائے اب آج 16 اکتوبر کو ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس آج دن ساڑھے 12 بجے ہوگا تاہم پی ٹی آئی نے خصوصی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا۔ ذرائع نے بتایاکہ جمعرات کو وفاقی کابینہ اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا امکان ہے۔ وزارت پارلیمانی امور کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس 17 اکتوبر کو طلب کرلیے گئے ہیں۔ وزارت پارلیمانی امور نے بتایاکہ سینیٹ کا اجلاس17 اکتوبرکو دن 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا اور قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کی شام 4 بجے بلایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 26 ویں آئینی ترامیم کے لیے پہلے وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی جس کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کی جائے اور پھر سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں مشترکہ مسودہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہیں۔کمیٹی میں پی ٹی آئی کے سوا تمام جماعتوں نے اپنے مسودے پیش کیے ہیں۔