عمرکوٹ(اے پی پی)مبینہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکٹر کی قبر کشائی کرکے پوسٹمارٹم کیا گیا۔ چند روزقبل سندھڑی کے قریب پولیس مقابلے میں مارے جانے والے عمرکوٹ کے ڈاکٹر اور عمرکوٹ کے قریبی گائوں جانھرو کے رہائشی ڈاکٹر شاہنواز کمبھار کے قتل کے محرکات جاننے کے لیے سیشن جج عمرکوٹ کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ عامر راجپوت کے حکم پر قبر کشائی کرکے لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل سائنس سے آنے والی میڈیکل بورڈ پر مشتمل5 رکنی ٹیم ڈاکٹر وسیم قریشی، ڈاکٹر طاہر، ڈاکٹر واحد، ڈاکٹر راحیل نے لاش کا پوسٹمارٹم کرکے اجزا حاصل کرنے کے بعد واپس روانہ ہوگئی۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پولیس سرجن ڈاکٹر وسیم قریشی نے بتایا کہ ڈاکٹر شاہنواز کی نعش کے13سیمپل لیے ہیں جو ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوائے جائیں گے، جس کی رپورٹ ایک ماہ میں آجائے گی۔ قبر کشائی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ایس ایس پی عمرکوٹ عذیر احمد میمن نے کہا کہ ہمارا کام سیکورٹی فراہم کرنا تھا جو فراہم کی گئی۔ قبر کشائی کے موقع پر میڈیا والوں کو قبر کے قریب نہیں جانے دیا گیا۔