جیل کک چھٹی پرچلے گئے‘ عمران خان تنہائی میں قید ہیں

122

لندن (آن لائن)عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ خان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں عمران خان تنہائی میں قید ہیں، لفظی طور پر اندھیرے میں ہیں اور بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں ہے اوربیٹوں سے بات چیت کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔جمائمہ نے ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ پچھلے چند ہفتوں میں عمران خان کے جیل میں علاج پر سنجیدہ اور تشویش ناک پیشرفت ہوئی ہے۔ پاکستانی حکام نے ان کے اہل خانہ اور وکیلوں سے تمام ملاقاتیں بند کردی ہیں اور عدالتی سماعتوں کو بھی ملتوی کردیا گیا۔ اس کے علاوہ ان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کی بھی فون پر گفتگو روک دی گئی ہے۔اطلاعات ہیں کہ حکام نے اب عمران خان کے سیل میں لائٹس اور بجلی بند کردی ہے اور اب انہیں کسی بھی وقت اپنا سیل چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے۔ جیل کک کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے اور بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ عمران خان کے وکلا ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے بارے میں فکر مند ہیں۔ یہ اقدامات عمران کی فیملی کو نشانہ بنائے جانے کے ساتھ پارٹی رہنمائوں کو خاموش کرانے کی کوشش ہے۔جمائمہ کا کہنا تھا کہ ہم فوری طور پرعمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں اور ان کی بہنوں اور بھتیجے کی رہائی کے ساتھ ان کے بیٹوں کے اپنے والد سے رابطہ قائم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ، تاکہ انہیں یقین دہانی کرائی جاسکے کہ ان کے والد ٹھیک ہیں اور ان سے بدسلوکی نہیں کی جارہی ہے۔