سیارہ مشتری کے چاند کی جانچ کیلیے ناسا نے مشن بھیج دیا

98

فلوریڈا:ناسا کی جانب سے سیارہ مشتری کے چاند کی جانچ کے لیے مشن بھیج دیا گیا ہے۔

سائنسی پیش رفت سے متعلق اطلاعات دینے والے  آن لائن ذرائع کے مطابق ناسا نے مشتری کے چاند ’’یوروپا‘‘ پر رہائش کے قابل خصوصیات اور ماحول ڈھونڈنے کے لیے ایک خصوصی مشن کے ایک حصے کے تحت خلائی جہاز کو کامیابی کے ساتھ روانہ کیا ہے۔

ناسا نے اس خلائی جہاز کو مشتری کے چاند یوروپا پر زیرزمین سمندر کی جانچ کا کام  سونپا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ زیرزمین سمندر کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یوروپا کے برف کے موٹے بیرونی خول کے نیچے سمندر موجود ہیں۔

امریکی خلائی ایجنسی کا یوروپا کلپر خلائی جہاز کیپ کیناورل کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اسپیس ایکس فالکن ہیوی راکٹ پر فلوریڈا سے لانچ کیا گیا۔ روبوٹک شمسی توانائی سے چلنے والا یہ پروب 2030 میں تقریباً 1.8 ارب میل (2.9 ارب کلومیٹر) کا سفر کرنے کے بعد مشتری کے گرد مدار میں داخل ہوجائے گا۔

یہ سب سے بڑا خلائی جہاز ہے جو ناسا نے سیاروں کے مشن کے لیے بنایا ہے۔ یہ تقریباً 100 فٹ (30.5 میٹر) لمبا اور تقریباً 58 فٹ (17.6 میٹر) چوڑا ہے جو اینٹینا اور شمسی پلیٹوں کے ساتھ مکمل طور پر نصب کیا گیا ہے۔ اس کا وزن تقریباً 13,000 پاؤنڈ (6,000 کلوگرام) ہے۔