شہر میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کیخلاف فوری کاروائی کی جائے، منعم ظفر کا مطالبہ

111

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کاکہنا ہےکہ  ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔

منعم ظفر خان نے اغواء وڈکیتی کے دوران اغواء کاروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے تاجر مسمر عارف صدیقی سے مقامی اسپتال میں ملاقات و عیادت کی اور جلد صحت یابی کیلیے  دعا کرتے ہوئے بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر سندھ حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی   نے مزید کہاکہ محکمہ پولیس کی کارکردگی کا یہ حال ہے کہ رواں برس 44ہزار سے زائد ڈکیتی و لوٹ مار کی وارداتیں ہوئیں اور مزاحمت پر تقریبا 150شہری اپنی جان گنوابیٹھے،شہر میں ایک بار پھر سے اسٹریٹ کرائمز، مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  شہری اپنی جان و مال سے محفوظ نہیں ہیں، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ناکام ہوگئے ہیں، دن دیہاڑے تاجر وں اور عام شہریوں کو اغوا ء کرلینا پولیس اور قانون نافاذ کرنے والوں کے لیے سوالیہ نشان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزتاجر مسمر عارف صدیقی کو ان کی فیملی کے ہمراہ مسلح افراد نے اغوا کر کے بینک اکاؤنٹ خالی کروایا اور اس کے بعد گولی مارکر زخمی کردیا تھا۔