برازیل:خاتون نے پولیس میں بھرتی ہوکر 25 سال بعد والد کا قاتل پکڑ لیا

89

ریوڈی جنیرو:برازیل میں ایک خاتون نے پولیس میں بھرتی ہوکر 25 برس کے بعد اپنے والد کے قاتل کو پکڑ لیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق برازیل میں رہنے والی ایک خاتون نے اپنے والد کے قاتل کو پکڑنا ہی اپنی زندگی کا مقصد بنایا اور اس کے لیے وہ کئی برس محنت کرکے پولیس میں بھرتی  ہونے میں کامیاب ہو گئی۔

خاتون نے پولیس کے محکمے میں بھرتی ہونے کے بعد والد کے قاتل کو تلاش کرنا شروع کیا اور بالآخر اسے پکڑنے میں کامیاب ہوگئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق 25 برس قبل (16 فروری 1999) کو برازیلی شہر بواوسٹا کے ایک بار میں تلخ کلامی کے بعد گیوالڈو ہوزے نامی شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔ حیران کن بات یہ تھی کہ یہ لڑائی 150 برازیلین ڈالر (اُس وقت کے 29 ڈالر) کے قرض کی وجہ سے ہوئی تھی۔

جھگڑے کے دوران قاتل (رائمنڈو) کچھ دیر کے لیے باہر گیا اور پستول کے ساتھ واپس آکر گیوالڈو کے سر میں گولی مار دی، جس سے وہ موقع ہی پر ہلاک ہوگیا۔ گیرالڈو کے 5 بچے تھے۔ بعد ازاں تحقیقات کے باوجود پولیس قاتل کو پکڑنے میں ناکام رہی۔

والد کے قتل کے وقت مقتول کی بڑی بیٹی گیسلین کی عمر 9 برس تھی، جس نے اس وقت تہیہ کیا کہ وہ قاتل کر پکڑ کر دم لے گی اور پھر اس نے تعلیم سمیت پیشہ ورانہ محنت کا عہد کیا اور پھر اپنے والد کے قتل کو کبھی نہ بھول سکی۔

ضروری تعلیم کے بعد گیسلین نے پولیس میں بھرتی ہونے کا فیصلہ کیا اور پھر اپنے والد کے قتل کی تحقیقات شروع کرکے اسے گرفتار کرلیا۔