افغانستان میں الیکٹرانک میڈیا پر جانداروں کی تصاویر نشر کرنے پر پابندی

115

کابل: افغانستان میں الیکٹرانک میڈیا پر جانداروں کی تصاویر نشر یا دیگرمیڈیا میں شائع کرنے پر پابندی عاید کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اس قانون کے نفاذ پر بتدریج عمل درآمد کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان کے وزارتِ مذہبی و اخلاقی امور کے ترجمان نے نشریاتی اداررے کو آگاہ کردیا کہ جانداروں کی تصاویر کی اشاعت پر پابندی مرحلہ وار نافذ کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کو یہ باور کرائیں گے کہ اسلام میں جانداروں کی تصاویر لینا اور پھیلانا حرام ہے۔

افغان حکومت نے ذرائع ابلاغ کو ہدایت کی ہے کہ دینی تعلیمات اور احکام کے منافی چیزیں شائع نہ کریں اور ان تعلیمات کا استہزا بھی نہ اڑایا جائے۔

اس سلسلے میں شائع ہونے والی مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تصاویر سے متعلق حکومتی قانون ابتدائی مرحلے میں صوبہ قندھار اور میدان وردک میں نافذ کردیا گیا ہے اور مزید یہ کہ صوبے تخار میں بھی یہ قانون نافذالعمل کی جانب گامزن ہے۔

افغانستان جرنلسٹس سینٹر کے مطابق صوبے تخار میں الیکٹرانک میڈیا نے جانداروں کی تصاویر نشر کرنے پر پابندی کے بعد کام بند کردیا ہے۔

یہ بات بھی علم میں رہے کہ اتوار کو صوبے تخار میں مذکورہ قانون پر پابندی کے اطلاق کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس سے قبل 1996ء سے 2001ء تک طالبان کے سابق دورِ حکومت میں بھی افغانستان بھر میں جانداروں کی تصاویر پر پابندی عاید تھی۔