شہدادپور،ریل گاڑی کی ٹکر سے 3افراد جاں بحق

42

شہدادپور(نمائندہ جسارت)24-گھنٹوں میں ریل گاڑی کی ٹکر سے تین افراد جاں بحق، ایک کی شناخت ہوگئی، دو نامعلوم شخص کی شناخت نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپور کے ریلوے اسٹیشن کی حدود میں 24-گھنٹوں میں ریل گاڑی کی ٹکر سے تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں شہدادپور ریلوے اسٹیشن کے قریب زرعی گودام کے پاس تیز رفتار ٹرین سرسید احمد خان ایکسپریس کی زوردار ٹکر سے 30-سالہ ایک نامعلوم شخص شدید زخمی ہو گیا۔ اس کی اطلاع فوری طور پر ٹرین کے ڈرائیور نے کنٹرول روم میں دی۔ جس پر ریلوے پولیس نے اس زخمی شخص کو اپنی تحویل میں لے کر سمس اسپتال لے جانا چاہا لیکن اس نامعلوم شخص نے اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ اسی طرح اس حادثے کے چند گھنٹوں کے بعد شہدادپور کے شاہپور چاکر روڈ پر واقع مذبح خانے کے علاقے کا رہائشی اشرف شیخ ولد ٹوہ شیخ جٹیا پھاٹک کراس کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرین ہزارہ ایکسپریس کی زوردار ٹکر کی وجہ سے شدید زخمی ہوگیا۔ ریلوے پولیس نے اس کو فوری طور پر سمس اسپتال پہنچایا جہاں اس کو ابتدائی طبی امداد دے کر حیدرآباد اسپتال منتقل کیا گیا لیکن یہ جانبر نہ ہو سکا اور اسپتال میں دم توڑ دیا۔ اس طرح ایک اور حادثے میں ایک نامعلوم شخص تیز رفتار ٹرین کے سامنے آنے سے شدید زخمی ہو گیا اور اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ متوفی اشرف شیخ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ جن دو افراد کی شناخت نہ ہو سکی ہے ان کی نعش سمس اسپتال کے سرد خانے میں رکھی گئی ہیں۔