دادو: پولیس کو تاجروں کے جائز مسائل حل کرنے کی ہدایت

55

دادو (نمائندہ جسارت) شہر کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر مختار علی ابڑو کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور عوام کو سہولیات کی فراہمی پر غور و فکر کیا گیا اور فوری حل کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی، متعلقہ افسران کو فوری ہدایات پر عمل کرنے اور پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر مختار علی ابڑو نے کی، جس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال، بس اسٹاپ کی منتقلی، پرانی سبزی منڈی پر قبضوں کا خاتمہ، نئی سبزی منڈی کی بحالی، ڈی ایچ کیو اسپتال کی پرانی عمارت میں صحت کی سہولیات، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ، اسپتال کی سڑکوں اور شہر سے تجاوزات کے خاتمے جیسے اہم مسائل پر غور کیا گیا۔ یہ اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا، اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر تاجروں کی جانب سے پولیس سے متعلق شکایات پیش کی گئیں، جن پر ڈپٹی کمشنر نے پولیس کو تاجروں کے جائز مسائل حل کرنے اور ان کی سیکورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے جوہی موڑ پر قائم بس اسٹاپ کو بس ٹرمینل منتقل کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر جوہی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، میونسپل کمیٹی اور پولیس کو مشترکہ اقدامات کرنے اور بس اسٹاپ کو فوری منتقل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔