اوباڑو: پی پی کے سابق رکن سندھ اسمبلی سردار شہر یار شر کے قافلے پر حملہ

49

اوباڑو (رپورٹ: محمد کلیم صادق بھٹی) پی پی کے سابق رکن سندھ اسمبلی اور شر قبائل کے سردار شہر یار شر کے قافلے پر قاتلانہ حملہ، گارڈ ہلاک، 2 قریبی ساتھی شدید زخمی، شہر یار شر خود محفوظ رہے، علاقے میں خوف و کشیدگی کا ماحول اور شر قبائل میں شدید اشتعال، افسوسناک واقعہ راونتی کچے کے علاقے میں پیش آیا جس میں سردار شہریار خان شر کے قافلے پر مبینہ طور پر سیلرا گینگ سے تعلق رکھنے والے 50 سے زائد مسلح ڈاکوؤں کے حملے کے نتیجے میں ساتھی علی محمد شر جاں بحق ہوگیا، حملے میں شہریار شر کا محافظ سہراب شر اور ساتھی جان محمد بگٹی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر دوسری طرف دوسرا حملہ راونتی کچے میں شر قبائل ہی سے تعلق رکھنے والے وڈیرے عمر شر پر ہوا ہے جس میں عمر شر بھی ہلاک ہوگیا ہے۔ پولیس نے شہریار شر بحفاظت کچے سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا، افسوسناک اور امن دشمن واقعہ اس وقت پیش آیا جب سردار شہریار خان شر کچے کے قبائل کے آپسی تصادم ختم کروانے کے لیے کچے کے علاقے میں موجود تھے، حملے کے نتیجے میں سردار شہریار خان شر کا ساتھی علی محمد شر مارا گیا ہے، دوسرا ساتھی جان محمد بگٹی اور محافظ سہراب شر زخمی ہوئے ہیں، حملے کی اطلاع پر کچے کے وڈیرے عمر شر نے شہریار خان شر کو ریسکیو کرنے کی کوشش کی، وہ بھی ڈاکوؤں کی گولیوں کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی، پولیس نے شہریار خان شر اور زخمیوں کو ریسکیو کرلیا۔