سکھر: سیپکو کی صارفین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری

91

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) روہڑی ڈویژن اور وفاقی محتسب کی جانب سے زائد ریڈنگ، ڈیڈکشن شدہ بلز کی درستگی، نئے کنکشن کی فراہمی سمیت صارفین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایس ڈی او آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ وفاقی محتسب کی جانب سے فرمان جتوئی و دیگر نے بھی شرکت کی، 3 درجن سے زائد صارفین نے درپیش مسائل سے متعلق شکایات درج کرائیں۔ ایس ڈی او نے موقع پر موجود متعلقہ افسران و عملے سے شکایت سے متعلق باز پرس کی، اصل حقائق معلوم کیے اور صارف کی شکایت کے فوری ازالے کو یقینی بنایا۔ روہڑی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے کچہری پہنچ کر درپیش مسائل سے متعلق کھل کر آگاہ کیا۔